جعفر ایکسپریس حملہ سکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری، سیکیورٹی ذرائع دہشت گردوں میں خود کش بمبار بھی موجود۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے خود کش بمبار دہشت گردوں کو کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کے بالکل ساتھ بیٹھایا ہوا ہے، خود کش بمبار دہشت گرد خود کش جیکٹیں پہنے ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دہشت گرد خود کش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، سیکیورٹی فورسز معصوم یرغمالیوں میں خود کش بمباروں کی موجودگی کے باعث انتہائی اختیاط سے کام لے رہی ہیں۔
کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس پرحملے اور 500 مسافروں کو یرغمال بنانے کے بعد کلیئرنس میں27 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ، جبکہ فورسز نے 155 مسافروں کو بازیاب کروالیا ہے ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق باقی مسافروں کی باحفاظت رہائی کیلئے سکیورٹی فورسز کوشاں ہیں ، دہشتگردوں کے گرد گھیرا تنگ کردیاگیا ہے ، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
ریلوے حکام کے مطابق بازیاب مسافروں میں 17 زخمی بھی شامل تھے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیا ،80 مسافروں میں سے 12 مسافر آب گم اور11 مسافر مچھ میں اپنے رشتہ داروں کے پاس ٹھہرگئے جبکہ 57 مسافروں کو مچھ سے کوئٹہ بذریعہ وین پہنچا دیاگیا ہے ۔