سرکاری وسائل لوٹنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ :گورنر خیبرپختونخوا کا صوبائی انسپکشن ٹیم کو مکمل ڈیجیٹل اور بااختیار بنانے کا حکم !

خیبرپختونخوا میں بدعنوانی کی روک تھام، سرکاری وسائل کے تحفظ اور سرکاری محکموں کی کارکردگی کا کڑا احتساب کرنے کے لیے گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبائی انسپکشن ٹیم کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے اور تمام محکموں کو انکوائری سفارشات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کا دو ٹوک حکم دے دیا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت صوبائی انسپکشن ٹیم کا اجلاس بھی منعقد ہواجس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی، انکوائریوں، بجٹ، افرادی قوت اور انتظامی مسائل پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال مجموعی طور پر 105 انکوائریز شروع کی گئیں، جن میں سے 45 مکمل کرلی گئی ہیں۔

گورنر نے صوبائی انسپکشن ٹیم میں ای گورننس پالیسی نافذ کرنے، انکوائری نظام کو شفاف بنانے اور بدعنوانی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔

انہوں نے خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ادارے کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے، صوبائی انسپکشن ٹیم کے اختیارات اور قوانین کا دیگر صوبوں سے تقابلی جائزہ لینے اور منظور شدہ سفارشات پر متعلقہ محکموں کی جانب سے بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں : پی سی بی کا بڑا اعلان : راولپنڈی ٹیسٹ میچ دیکھنے کے لئے آج اسٹیڈیم میں داخلہ بالکل مفت ہوگا!

گورنر کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل کا تحفظ، عوامی شکایات کا فوری ازالہ اور محکموں کی کارکردگی بہتر بنانا اولین ترجیحات ہونی چاہئیں۔

Scroll to Top