ملک میں 70فیصد حکومت پر قبضہ اور عوام کو دکھانے کیلئے کارکردگی صفر ، طلال چوہدری نے بلاول کا سب کچھا چٹھا کھول دیا!

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آئین اور جمہوریت کے دعویدار عملی کارکردگی دکھانے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں جبکہ ملک میں کوئی بھی سیاسی رہنما یا جماعت احتساب اور قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری خود کو آئین اور جمہوری اقدار کا سب سے بڑا علمبردار ظاہر کرتے ہیں تاہم طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمت کے میدان میں ان کی کارکردگی صفر ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک کے تقریباً ستر فیصد اقتدار میں پیپلز پارٹی براہِ راست شریک ہے، صدرِ مملکت، چیئرمین سینیٹ اور تین صوبوں کے گورنرز کا تعلق اسی جماعت سے ہے جبکہ سندھ اور گلگت بلتستان میں بھی ان کی حکومتیں قائم ہیں اس کے باوجود پیپلز پارٹی کے چیئرمین ایسا تاثر دے رہے ہیں گویا ان کا موجودہ حکومتی نظام سے کوئی واسطہ ہی نہیں۔

نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے طلال چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو انتظامی یونٹس کی بات تو کرتے ہیں لیکن جس صوبے میں بدانتظامی اور کرپشن عروج پر ہے، وہاں اسے تقسیم کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کی اصل ضرورت ہی ان علاقوں میں ہے جہاں گورننس کا نظام مفلوج ہو چکا ہے، اور یہ عمل پورے ملک کی مجموعی اصلاح کا حصہ ہے جسے کسی کی سیاسی خواہش پر روکا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ گولی کے بجائے ووٹ کی بالادستی کی بات کرنے والے اب عوامی فیصلے سے خوفزدہ کیوں دکھائی دیتے ہیں؟

آئینی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین موسم اور حالات کے مطابق آئین کی من پسند شقوں کا سہارا لیتے ہیں جو شق موافق ہو اسے سراہا جاتا ہے اور جو مفاد کے خلاف ہو اسے غیر آئینی قرار دے دیا جاتا ہے۔

ان کے بقول جمہوریت محض تقاریر کرنے یا آئینی دفعات کی تشریح کا نام نہیں بلکہ اس کے لیے عملی کارکردگی ناگزیر ہے اور ملکی ضروریات کے تحت آئین میں ترامیم کا عمل مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

مولانا فضل الرحمان سے متعلق پوچھے گئے سوالات پر طلال چوہدری نے واضح کیا کہ جے یو آئی سربراہ پر پہلی تنقید پیپلز پارٹی کے ہی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کی تھی جو روزانہ کی بنیاد پر ان کے خلاف بیانات دیتے ہیں شاید بلاول بھٹو اپنی ہی جماعت کے رہنماؤں کو احساس دلانا چاہ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پر کوئی ذاتی حملہ نہیں کیا گیا بلکہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ان کے ساتھیوں اور صاحبزادوں کے اثاثوں سے متعلق چند سادہ سوالات اٹھائے گئے ہیں جن کا جواب دینا لازم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی ،نوٹیفکیشن جاری

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ دینی حلیہ اور شناخت رکھنے والوں پر اخلاقی و قانونی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے اور اگر ایک روپے یا ایک لقمے کی ناجائز کمائی کا بھی شبہ ہو تو اس کی وضاحت ضروری ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تاریخ میں خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے سوال کیا جا سکتا ہے تو پھر موجودہ دور کے کسی سیاسی یا مذہبی رہنما سے جواب طلبی پر اعتراض کیوں کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top