مہنگائی رکنے کا نام نہیں لے رہی، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ

مہنگائی رکنے کا نام نہیں لے رہی، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ

مہنگائی سے پریشان عوام پر ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا ہے، اوپن مارکیٹ میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 5 سے 30 روپے فی کلوگرام تک اضافہ کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی ہے، جہاں اوپن مارکیٹ میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کے بعد روزمرہ استعمال کی اس اہم شے کی خریداری شہریوں کے لیے مزید مہنگی ہو گئی ہے۔

کریانہ مرچنٹس کے مطابق مختلف برانڈز اور اقسام کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 5 سے 30 روپے فی کلوگرام تک اضافہ کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اس اضافے نے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ بڑھا دیا ہے، جبکہ صارفین نے مہنگائی کی نئی لہر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق درجہ اول گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 5 روپے فی کلوگرام اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 580 سے 610 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح درجہ دوم گھی اور کوکنگ آئل 10 روپے فی کلوگرام مہنگا ہونے کے بعد 570 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ درجہ سوم گھی کی قیمت میں سب سے زیادہ 30 روپے فی کلوگرام اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ 490 روپے فی کلوگرام میں دستیاب ہے۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے نہ صرف گھریلو اخراجات میں اضافہ ہوگا بلکہ ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباری شعبوں کے اخراجات بھی بڑھنے کا امکان ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے کچھ ریلیف مل سکے۔

Scroll to Top