عوام بنیادی سہولیات سے محروم، خیبرپختونخوا حکومت کی شاہ خرچیاں، بجٹ میں تفریح کے لیے کروڑوں روپے مختص

خیبرپختونخوا حکومت ایک طرف مالی مشکلات کا رونا رو رہی ہے تو دوسری طرف سالانہ بجٹ میں سرکاری دفاتر کی شاہ خرچیوں اور تفریح کے لیے 35 کروڑ 11 لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کر دی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ سال بھی چائے پانی اور انٹرٹینمنٹ کے نام پر پہلے 28 کروڑ روپے رکھے گئے تھےلیکن بعد میں غریب عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ بیدردی سے بہاتے ہوئے یہ اخراجات 47 کروڑ 36 لاکھ روپے تک پہنچا دیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق گزشتہ سال تحائف اور تفریح پر سب سے زیادہ سرکاری فنڈز اڑانے میں محکمہ خزانہ پیش پیش رہا جس نے 11 کروڑ 62 لاکھ روپے اڑائے۔ اس سال بھی اسی محکمے کو نوازتے ہوئے تفریح کے لیے 10 کروڑ 5 لاکھ روپے دے دیے گئے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے لیے 6 کروڑ روپے کی بھاری رقم رکھی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : رکن اسمبلی خیبرپختونخوا سجاد بارکوال اپنی ہی حکومت پر برس پڑے، بجٹ کے اعداد و شمار پر غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

وزیراعلیٰ ہاؤس سیکرٹریٹ بھی اس اسراف میں پیچھے نہیں رہا، جہاں گزشتہ سال تحائف اور انٹرٹینمنٹ پر 7 کروڑ روپے لٹائے گئے تھے، وہاں اس سال مزید ایک کروڑ 80 لاکھ روپے تفریح کے نام پر رکھ دیے گئے ہیں۔

اسی طرح دیگر محکموں میں بھی نوازشات کا سلسلہ جاری ہے جس میں عوام محکمہ صحت کے افسران کے لیے چائے پانی کی مد میں 40 لاکھ 60 ہزار روپے مختص ہیں۔

Scroll to Top