خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا میں گزشتہ رات سے جاری تیز بارش، آسمانی بجلی اور فلیش فلڈ (ناگہانی سیلاب) کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باڑہ زکا خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔دوسری جانب لوئر چترال میں موسلادھار بارش اور کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) کے بعد آنے والے فلیش فلڈ نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔

سیلابی ریلوں کی زد میں آکر 27 مکانات، 2 مساجد، 2 دکانیں اور ایک پل متاثر ہوا ہے جبکہ 4 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی بہہ گئی ہیں۔

صورتحال کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

ادھر اپر چترال کے علاقوں یارخون اور مستوج میں بھی فلیش فلڈ سے ایک مکان، آبنوشی کی اسکیمیں اور نہریں متاثر ہوئی ہیںتاہم یہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور متاثرہ خاندانوں کو امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق لوئر چترال میں سیلاب کی وجہ سے بند ہونے والی 2 رابطہ سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :خیبرپختونخوا میں میں مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل کا الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر اس وقت تمام ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق آپریشن سنٹر چوبیس گھنٹے فعال ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر 1700 پر دیں۔

Scroll to Top