ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ پر شیرانی کے علاقے دانہ سر میں مسافر بس گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ کی ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ڈی سی شیرانی کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو کھائی سے نکالنے اور انہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بس گہری کھائی میں گرنے کے باعث کئی مسافر شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ امدادی ٹیمیں دشوار گزار علاقے میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں اب تک 32 افراد کی شناخت مکمل کی جا چکی ہےجن میں سے 13 افراد کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 افراد کا تعلق ضلع خیبر اور 2 کا پشاور سے ہےجبکہ خیبرپختونخوا سے ہی تعلق رکھنے والے مزید 9 جاں بحق افراد کی حتمی شناخت کا عمل جاری ہے۔
اس افسوسناک حادثے میں خیبر پختونخوا کے 6 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کے کوائف اور رہائشی اضلاع کی تصدیق کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، حادثے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کی جانب سے جائے وقوعہ پر بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں کی گئی ۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند، سرکاری دفاتر کیلئے نئی ہدایات جاری
ڈیرہ اسماعیل خان سے ریسکیو 1122 کی 7 ایمبولینسز، ایک خصوصی ریسکیو وہیکل اور 30 سے زائد اہلکار فوری طور پر آپریشن میں حصہ لینے پہنچے اور لاشوں و زخمیوں کو منتقل کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔





