اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند، سرکاری دفاتر کیلئے نئی ہدایات جاری

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر میٹرو بس سروس آج متاثر رہے گی جبکہ ریڈ زون میں قائم بعض سرکاری اداروں کے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

میٹرو بس حکام کے مطابق اسلام آباد میں میٹرو بس سروس آج مکمل بند رہے گی، تاہم راولپنڈی میں صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک سروس بحال رہے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں صدر اسٹیشن سے فیض آباد تک میٹرو بس سروس چلتی رہے گی، جبکہ آئی جے پی روڈ سے پاک سیکریٹریٹ تک میٹرو بس سروس آج معطل رہے گی۔

دوسری جانب کابینہ ڈویژن نے اسلام آباد کے ریڈ زون میں موجود تمام وزارتوں، ڈویژنز اور سرکاری اداروں کیلئے منگل 23 جون کو ورک فرام ہوم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کابینہ ڈویژن، ایف بی آر، وزارت خزانہ، وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت قانون و انصاف، وزیراعظم آفس، قومی اسمبلی، سینیٹ سمیت متعدد اہم ادارے معمول کے مطابق دفاتر سے کام جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی، متعدد شاہراہوں پر ٹریفک ڈائیورشنز کا اعلان

کابینہ ڈویژن کے مطابق ریڈ زون میں موجود خودمختار ادارے اور منسلک محکمے بند رہیں گے، جبکہ گھر سے کام کرنے والے ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دستیابی برقرار رکھیں اور ضرورت پڑنے پر فوری دفتر پہنچنے کیلئے تیار رہیں۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق بینکوں پر نہیں ہوگا اور بینک معمول کے اوقات کار کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔

Scroll to Top