وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے داخلہ طارق سعید مروت نے سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں رکنِ صوبائی اسمبلی آصف خان محسود کے مبینہ اغوا سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
اپنے ایک وضاحتی ویڈیو بیان میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور عوام اس قسم کے پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں۔
طارق سعید مروت کے مطابق آصف خان محسود اپنے آبائی گاؤں میں اپنے حجرے میں موجود ہیں اور مکمل طور پر خیریت سے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے اس بے بنیاد پروپیگنڈے اور افواہوں پر کان نہ دھریں اور غیر مصدقہ معلومات کو آگے پھیلانے سے گریز کریں۔
معاون خصوصی برائے داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کا بے بنیاد پروپیگنڈا اور افواہیں پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی کے رہنما قتل، واقعے کی اصل وجہ بھی سامنے آ گئی
انہوں نے مزید بتایا کہ اس پورے واقعے اور افواہ کے تناظر میں متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔





