چین میں متعین پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کا کاشغر میں این ایل سی دفتر اور ویئر ہاؤس کا دورہ، سٹاف کی پیشہ وارانہ کارکردگی کی تعریف

کاشغر: چین میں متعین پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کاشغر میں نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (NLC) کے علاقائی دفتر اور جدید ویئر ہاؤس کا ایک اہم اور تفصیلی دورہ کیا ہے۔

اس موقع پر این ایل سی کے اعلیٰ حکام اور فیلڈ اسٹاف نے سفیرِ پاکستان کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں کاشغر میں جاری لاجسٹکس آپریشنز، کارگو مینجمنٹ اور تجارتی نقل و حمل کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں پاک چین اقتصادی سرگرمیوں کے مستقبل کے خاکہ جات بھی شامل تھے۔

دورے کے دوران سفیرِ پاکستان خلیل ہاشمی نے این ایل سی کے لاجسٹکس سیٹ اپ کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور وہاں موجود انفراسٹرکچر کو سراہا۔

انہوں نے پاک چین دوطرفہ تجارت کو نئے افق دینے، تجارتی حجم کو بڑھانے اور دونوں دوست ممالک کے مابین زمینی روابط (Connectivity) کو مزید فعال، محفوظ اور مضبوط بنانے میں این ایل سی کے کلیدی و قائدانہ کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی بحالی کیلئے این ایل سی کو اہم ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ

سفیرِ پاکستان نے مشکل جغرافیائی حالات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان سپلائی چین کو بلاتعطل برقرار رکھنے پر اسٹاف کی پیشہ وارانہ کوششوں اور عزم کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ این ایل سی مستقبل میں بھی پاک چین اقتصادی تعلقات میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

Scroll to Top