گروپ کیپٹن شہادت کیس، ملزم کی عمر، تعلیمی قابلیت اور پیشہ کیا تھا؟ ملزم نے سب کچھ اُگل دیا، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی

گروپ کیپٹن شہادت کیس، ملزم کی عمر، تعلیمی قابلیت اور پیشہ کیا تھا؟ ملزم نے سب کچھ اُگل دیا، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو فیض آباد بس اڈے سے لاہور روانہ ہوتے دیکھا گیا ہے، جبکہ ایک اور ویڈیو میں وہ ایک دکان پر کپڑے تبدیل کرتا ہوا بھی نظر آتا ہے۔

فضائیہ کے گروپ کیپٹن کو شہید کرنے کے مقدمے میں گرفتار ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیجز منظر عام پر آگئی ہیں، جن میں اس کی مختلف مقامات پر نقل و حرکت دیکھی جا سکتی ہے۔ پولیس کے مطابق ویڈیوز کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت ثابت ہو رہی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق فوٹیج میں ملزم کو فیض آباد بس اڈے سے لاہور روانہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک دوسری ویڈیو میں وہ ایک دکان پر کپڑے تبدیل کرتے ہوئے بھی نظر آتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سعد عباسی تھانہ کھنہ کی حدود بند کھنہ روڈ کا رہائشی ہے۔ ملزم کی عمر 20 سال ہے، جبکہ اس کی تعلیمی قابلیت میٹرک بتائی گئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ ایک الیکٹرانکس کی دکان پر بطور سیلز مین بھی کام کرتا رہا ہے۔

تحقیقات کے مطابق واقعے کے روز ملزم اور ایک لڑکی کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھاپائی ہوئی، جب ملزم نے مبینہ طور پر لڑکی کو زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی، جس پر لڑکی نے مزاحمت کی۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے گروپ کیپٹن نے مداخلت کرتے ہوئے ملزم کو روکا۔

پولیس کے مطابق اس مداخلت پر ملزم طیش میں آ گیا اور اس نے گاڑی میں موجود گروپ کیپٹن پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی موقع پر پہنچے اور ان کی نگرانی میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور اہم شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top