نوشہرہ میں گھریلو تنازع خونریز واقعے میں تبدیل ہوگیا، دو بیٹوں کی فائرنگ سے والد جاں بحق جبکہ پولیس کارروائی میں دونوں بھائی ہلاک ہوگئے۔
نوشہرہ کے علاقے پبی جنگل کورونہ میں گھریلو جھگڑا سنگین صورتحال اختیار کر گیا، جہاں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں باپ جاں بحق ہوگیا، جبکہ بعد ازاں پولیس کارروائی کے دوران دونوں بیٹے بھی مارے گئے۔ واقعے میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے تحت دو بیٹوں نے فائرنگ کرکے اپنے والد کو قتل کیا، جس کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم موقع پر پہنچی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار عبدالحلیم شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی، جس میں دونوں بھائی طلحہ اور زبیر ہلاک ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: زیارت مانگی حملے کا بھرپور جواب، فتنہ الخوارج کے15 دہشتگرد ہلاک، کلیئرنس آپریشن مکمل
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے میاں راشد شہید ہسپتال پبی منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ زخمی پولیس اہلکار کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے اصل محرکات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ گھریلو تنازع کے پس منظر اور فائرنگ کے مکمل حالات سامنے لائے جا سکیں۔





