گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ کا محکمہ صحت کے 89 ڈاکٹرز کو مستقل کرنے کا حکم

گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے منصب کا چارج لیتے ہی اپنا پہلا بڑا اور اہم انتظامی فیصلہ جاری کرتے ہوئے محکمہ صحت کے 89 ایڈہاک و کنٹریکٹ ڈاکٹرز کو مستقل (ریگولرائز) کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے اپنے پہلے سرکاری آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے ان ڈاکٹروں کی مستقلی کے احکامات جاری کیے، جسے صوبے کے طبی شعبے اور ملازمین کے لیے ایک بڑا اور اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

باضابطہ حکومتی اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے۔

صوبائی حکومت کا مؤقف ہے کہ ڈاکٹرز کی مستقلی سے جہاں طبی عملے میں پائی جانے والی دیرینہ بے چینی اور سیکیورٹی آف جاب کے مسائل ختم ہوں گےوہاں سرکاری ہسپتالوں میں کارکردگی کے معیار اور عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں بھی واضح بہتری آئے گی۔

وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی حکومت بلاامتیاز عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور بنیادی حقوق کی فراہمی کے ایجنڈے پر کاربند رہے گی۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر سمیت تمام شعبوں میں اصلاحات کا عمل تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا تاکہ عوام کو دہلیز پر سرکاری خدمات میسر آ سکیں، جبکہ دیگر سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات بھی مرحلہ وار حل کیے جائیں گے۔

Scroll to Top