پاکستانی ٹینس اسٹار طلحہ وحید نے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

پاکستانی ٹینس کھلاڑی طلحہ وحید نے مردوں کے لیے ایک منٹ میں سب سے زیادہ کامیاب ٹینس سرو کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر کے ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے اعلان کیا ہے کہ طلحہ نے 43 کامیاب سروز حاصل کیں، جو 2019 سے اب تک امریکی کھلاڑی جان پیری کے 42 سروز کے سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ کر ایک نیا سنگ میل طے کیا۔

دورانِ ریکارڈ سازی طلحہ نے 8 نومبر 2024 کو لاہور میں اپنی کوشش کی تھی اور اس کی کامیابی کی باضابطہ تصدیق 10 مارچ 2025 کو گنیز کے سخت رہنما خطوط کے تحت کی گئی۔

طلحہ نے اس ریکارڈ کو توڑنے سے پہلے تین ماہ تک سخت ٹریننگ کی تھی، جس میں وہ اپنی مہارت اور طاقت کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تکنیکوں پر کام کر رہے تھے۔

پاکستان کے معروف سینئر ڈبلز کھلاڑی اور پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی نے طلحہ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے ایک فخر کا لمحہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں نیوزی لینڈ کھلاڑی پاکستان کی مہمان نوازی پرخوش، چیمپئنز ٹرافی کے لیے پرجوش

 انہوں نے کہا یہ کامیابی نہ صرف طلحہ کے لیے بلکہ پورے ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ یہ ان کھلاڑیوں کے لیے ایک تحریک ہے جو ٹینس میں اپنی کامیابیاں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

یہ کامیابی پاکستان میں ٹینس کے کھیل کی مقبولیت میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے، اور طلحہ کی جدو جہد کو دیکھ کر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑا حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنے گی۔

پاکستان میں ٹینس کے شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے یہ ایک نیا سنگ میل ہے، اور طلحہ وحید کی کامیابی سے عالمی سطح پر بھی پاکستان کی موجودگی کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

Scroll to Top