اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس میں ملازمت کے خواہش مند نوجوانوں کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، جہاں اسلام آباد پولیس میں مختلف کیٹیگریز کی 1712 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق پہلے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 جولائی 2026 مقرر کی گئی تھی، تاہم امیدواروں کی غیر معمولی دلچسپی اور بڑی تعداد میں موصول ہونے والی درخواستوں کے باعث نئی آخری تاریخ 15 جولائی 2026 مقرر کر دی گئی ہے۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ وہ امیدوار جو کسی وجہ سے مقررہ وقت میں درخواست جمع نہیں کرا سکے تھے، اب انہیں ایک اور موقع فراہم کیا گیا ہے تاکہ وہ بروقت اپنی درخواست جمع کرا کے بھرتی کے عمل میں شامل ہو سکیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ جن امیدواروں نے ابھی تک اسلام آباد پولیس میں بھرتی کے لیے درخواست نہیں دی، وہ نئی مقررہ تاریخ سے قبل اپنی درخواست ضرور جمع کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے اسلام آباد پولیس میں سینکڑوں نئی اسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دے دی
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس ایک جدید، پیشہ ور اور باصلاحیت فورس ہے، جہاں خدمات انجام دے کر نوجوان نہ صرف ملک و قوم کی خدمت کر سکتے ہیں بلکہ ایک باوقار اور محفوظ کیریئر بھی اختیار کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کے قیام، قانون کی عملداری، اہم سرکاری و غیر سرکاری شخصیات کی سیکیورٹی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے سمیت متعدد اہم ذمہ داریاں انجام دیتی ہے۔
بھرتی کے اس مرحلے کے ذریعے فورس میں نئی افرادی قوت شامل کی جائے گی تاکہ شہریوں کو مزید مؤثر اور بہتر پولیسنگ کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
حکام نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 جولائی 2026 سے قبل اپنی درخواستیں مکمل کر کے جمع کرائیں تاکہ آخری وقت کی پریشانی سے بچا جا سکے۔





