پشاور: مون سون سیزن کے دوران ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے ضلعی انتظامیہ پشاور نے دریاؤں، ڈیموں اور نہروں میں نہانے، تیراکی اور بوٹنگ پر پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مون سون سیزن کے اختتام تک شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ رہے گی، جس کے تحت دریاؤں، نہروں اور آبی گزرگاہوں میں غیر قانونی بوٹنگ، تیراکی اور دیگر سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔
حکم نامے کے مطابق کابل ریور کنال، جولی شیخ کنال، بڈھنی نالہ، بڑا دریا، شاہ عالم، ناگومان اور ادیزئی دریا میں نہانے اور تیراکی کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسی طرح ورسک گریویٹی کنال اور ورسک لفٹ کنال میں بھی تیراکی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ٹائر ٹیوبز کے ذریعے بوٹنگ اور آبی گزرگاہوں کے کناروں پر تفریحی سرگرمیوں پر بھی پابندی نافذ رہے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: جدید آلات کے ذریعے امتحانات میں نقل کرانے کی کوشش ناکام، پانچ افراد گرفتار
پی ڈی ایم اے کے مطابق مسلسل بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور شدید گرمی کے باعث گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے اچانک پھٹنے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
اتھارٹی نے اپر و لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے حساس گلیشیائی علاقوں کی مسلسل نگرانی، خطرات کا بروقت جائزہ لینے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر امدادی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ہنگامی مشینری، ضروری سامان اور عملے کو ہر وقت تیار رکھا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ واقعے کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔
عوام، خصوصاً بالائی علاقوں کے رہائشیوں اور سیاحوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں۔





