بنوں میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ، چار افراد جاں بحق، راہگیر خاتون زخمی

بنوں: خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں دو مسلح گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ ایک راہگیر خاتون زخمی ہو گئی۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ سٹی کی حدود میں پیش آیا، جہاں دو گروپ اچانک آمنے سامنے آ گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔

شدید فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ وہاں سے گزرنے والی ایک خاتون گولی لگنے سے زخمی ہو گئی، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور حالات کو قابو میں کیا۔

یہ بھی پڑھیں : مون سون کے باعث خطرناک صورتحال، پشاور میں آبی سرگرمیاں بند، بالائی اضلاع الرٹ

جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بنوں منتقل کر دی گئیں، جبکہ زخمی خاتون بھی اسی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

Scroll to Top