امریکا میں ایچ ون بی اور پرم ویزا پروگرامز میں مبینہ جعلسازی کے حوالے سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے جس کے تحت متعدد بھارتی آئی ٹی کمپنیوں کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے۔
بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس کے مطابق تحقیقات کی زد میں آنے والی کمپنیوں میں معروف بھارتی آئی ٹی کمپنی کوگنیزنٹ بھی شامل ہے جبکہ اس معاملے کی نگرانی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی حکام مبینہ طور پر ایسی سکیموں کی چھان بین کر رہے ہیں جن کے ذریعے جعلی یا گمراہ کن ویزا درخواستیں جمع کرا کے غیر ملکی کارکنوں کا استحصال کیا گیا اور امریکی شہریوں کے روزگار کے مواقع متاثر ہوئے۔
انسپکٹر جنرل انتھونی ڈی ایسپوزیتو کے مطابق متعلقہ کمپنیوں کو سمن جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ متعدد معاملات کی تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی بحریہ کا اسرائیلی ساختہ ڈرون گر کر تباہ،مسلسل حادثات معمول بن گئے
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا مقصد ویزا نظام میں ممکنہ بے ضابطگیوں اور قوانین کی خلاف ورزیوں کا مکمل جائزہ لینا ہے، دوسری جانب تحقیقات میں نامزد کمپنیوں کی جانب سے ان الزامات پر باضابطہ مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔





