اسلام آباد: حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ساتھ پیٹرول پر عائد پیٹرولیم لیوی بھی بڑھا دی ہے، جس کے بعد لیوی کی شرح 80 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 9 روپے 64 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے سے قبل لیوی 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی میں اضافے سے عوام پر مالی بوجھ مزید بڑھنے کا امکان ہے، کیونکہ لیوی پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی قیمت پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافہ، نوٹیفکیشن جاری
واضح رہے کہ حکومت نے آج پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 18 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔
اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 310 روپے 71 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔





