محکمہ موسمیات کی موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج رات سے موسلادھار بارشوں کے ایک نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

آج رات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی سمیت لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور پشاور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا قوی امکان ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس شدید بارش کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی کا شدید خطرہ ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں اور شہری آمدورفت بری طرح متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

دوسری جانب مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی شدید برسات کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر سیاحوں اور مقامی آبادی کو محتاط رہنے اور انتظامیہ کو پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی باقاعدہ رپورٹ کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 13 جولائی تک ملک کے طول و عرض میں برقرار رہے گا، جس کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں وسیع پیمانے پر گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔ بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، مری اور گلیات سمیت لاہور، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، نارووال اور حافظ آباد میں بادل گرجیں گے، جبکہ فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر میں بھی بادلوں کے برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال اور پاکپتن میں موسلادھار بارش متوقع ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ، بہاولنگر اور رحیم یار خان بھی اس سسٹم کی زد میں رہیں گے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے جہاں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، سوات، دیر، چترال، شانگلہ، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں متوقع ہیں۔

ادھر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 11 سے 13 جولائی کے دوران وقفے وقفے سے برسات کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کے تحت مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، میرپور، بھمبر اور شمالی علاقوں گلگت، سکردو، استور، دیامر، غذر، گانچھے، شگر، نگر اور ہنزہ میں موسم ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے شمال مشرقی حصوں خصوصاً ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، سبی، کوہلو اور زیارت میں بادل گرجنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوامیں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

دوسری جانب سندھ کے بالائی اور وسطی علاقوں میں یہ سسٹم 12 اور 13 جولائی کو اثر انداز ہوگا، جس کے باعث سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور، شکارپور، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہرو فیروز میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو اس ممکنہ صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

Scroll to Top