گوادر بندرگاہ پر جہازوں کو ایندھن کی فراہمی کا آغاز، این ایل سی اور وائٹول کا پہلا بنکرنگ آپریشن کامیابی سے مکمل

پاکستان کی بحری تجارت اور معاشی ترقی میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے جہاں گوادر بندرگاہ پر بحری جہازوں کو ایندھن کی فراہمی (بنکرنگ آپریشن) کا باقاعدہ اور کامیاب آغاز کر دیا گیا ہے۔

نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (NLC) اور عالمی توانائی کمپنی وائٹول (Vitol) نے مشترکہ طور پر گوادر بندرگاہ پر اپنا پہلا افتتاحی بنکرنگ آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہےجس کے تحت متحدہ عرب امارات (UAE) کی ملکیت میں چلنے والے ایل این جی بردار بحری جہاز انوگو (ENUGU) کو 2500 میٹرک ٹن بین الاقوامی معیار کے مطابق ویری لو سلفر فیول آئل (VLSFO) فراہم کیا گیا ہے۔

اس تاریخی آپریشن کے لیے فراہم کیا جانے والا بین الاقوامی بحری تنظیم (IMO) کے قوانین کے عین مطابق ماحول دوست ایندھن پاکستان کی مقامی ریفائنری سنیرجیکو پی کے لمیٹڈ (Cnergyico PK Ltd) میں تیار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چین میں متعین پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کا کاشغر میں این ایل سی دفتر اور ویئر ہاؤس کا دورہ، سٹاف کی پیشہ وارانہ کارکردگی کی تعریف

گوادر بندرگاہ پر اس کامیاب آپریشن کا انعقاق پاکستان میں بنکرنگ اور بحری ایندھن کی فراہمی کے مجموعی ایکو سسٹم (سپلائی نیٹ ورک) کی ترقی میں ایک انتہائی اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس سے عالمی جہاز رانی کی صنعت میں پاکستان کا وقار اور تجارتی اہمیت مزید نمایاں ہو کر سامنے آئی ہے۔

Scroll to Top