پیمرا کا جیو نیوز حساس ڈاکومنٹری کیس میں حتمی حکم نامہ جاری، ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد،برطرف ملازمین پر میڈیا انڈسٹری میں تاحیات پابندی عائد

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو نیوز کے پروگرام “سفرِ عشق” کی 10 محرم الحرام کی نشریات میں مذہبی تصویر کشی کے معاملے پر اپنا حتمی فیصلہ اور حکم نامہ جاری کر دیا ہےجس کے تحت چینل پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اتھارٹی نے اپنے 191ویں اجلاس میں کونسل آف کمپلینٹس لاہور کی سفارشات، کارروائی کے ریکارڈ، لائسنس ہولڈر کے تحریری و زبانی مؤقف اور اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ صادر کیا۔ کونسل نے اس معاملے پر جون اور جولائی 2026 میں منعقد ہونے والے اپنے مختلف اجلاسوں میں غور کرنے کے بعد اپنی سفارشات اتھارٹی کو پیش کی تھیں۔

پیمرا نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ جیو نیوز کی جانب سے کی جانے والی یہ خلاف ورزی انتہائی سنگین نوعیت کی ہے جو ذمہ دارانہ نشریات کے تقاضوں اور پیمرا قوانین کے تحت لائسنس ہولڈر کی ذمہ داریوں کے منافی ہے۔ اگرچہ جیو نیوز نے اپنی غفلت تسلیم کرتے ہوئے تمام میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر مشروط معذرت کی، جسے پیمرا نے تخفیفی عوامل کے طور پر تسلیم کیا، تاہم واضح کیا کہ یہ عوامل خلاف ورزی کے قانونی نتائج کو ختم نہیں کرتے۔

فیصلے کے مطابق، 27 جون 2026 کو جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کرنے کا حکم صحیح قرار دیا گیا ہے اور یہ معطلی آج رات 12 بجے تک برقرار رہے گی جبکہ چینل کی نشریات معطلی کی مدت مکمل ہونے اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی بحال کی جا سکیں گی۔

حکم نامے میں جیو نیوز انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکامی پر متعلقہ افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی مکمل کر کے ان کو ملازمت سے برطرف کرے، جبکہ کارروائی کے نتیجے میں فارغ کیے جانے والے افراد پیمرا کے زیرِ نگرانی کسی بھی لائسنس یافتہ، رجسٹرڈ یا مجاز سروس سے براہِ راست یا بالواسطہ کسی حیثیت میں دوبارہ منسلک نہیں ہو سکیں گے۔

پیمرا نے جیو نیوز کو مطلع کیا ہے کہ اگر آئندہ ایسی غفلت برتی گئی تو ان کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : جیو نیوز بندش کیس، اسلامی نظریاتی کونسل کا خط پیمرا کو موصول

اس کے ساتھ ہی جیو نیوز سمیت تمام لائسنس یافتگان کو ایک غیر جانبدار ان ہاؤس مانیٹرنگ کمیٹی یا ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دینے اور ہر نشریاتی مواد کی پیشگی ادارتی جانچ یقینی بنا کر تفصیلات پیمرا کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

فیصلےکے مطابق تمام لائسنس یافتگان کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس (PLD 2019 SC 1) کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کے لیے علیحدہ ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا اور کسی بھی اگلی خلاف ورزی پر مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top