امریکا کے سابق صدر بارک اوباما نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت میں نسلی اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی نہ بنایا گیا تو ملک مستقبل میں شدید داخلی انتشار کا شکار ہو سکتا ہے، جس سے قومی یکجہتی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
بارک اوباما نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی جنہیں میں اچھی طرح جانتا ہوں ان سے میری بات یہ ہوگی کہ اگر آپ بھارت میں نسلی اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ نہیں کریں گے تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ کسی مرحلے پر بھارت ایک ملک کے طور پر بکھرنا شروع ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا ایسے کئی ممالک کی مثالیں دیکھ چکی ہے جہاں داخلی اختلافات اور تنازعات نے سنگین نتائج کو جنم دیا، ان کے بقول ایسی صورتحال نہ صرف بھارتی مسلمانوں بلکہ بھارتی ہندوؤں کے مفاد کے بھی خلاف ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: مودی کو آسٹریلیا، انڈونیشیا اور نیوزی لینڈ کے دورے میں تاریخی سفارتی رسوائی کا سامنا
سابق امریکی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اقلیتوں کے حقوق، سماجی ہم آہنگی اور قومی اتحاد جیسے حساس معاملات پر دیانت داری اور کھلے انداز میں گفتگو ناگزیر ہے تاکہ مستقبل میں کسی بڑے داخلی بحران سے بچا جا سکے۔





