وفاقی حکومت کی ہدایات پر غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف اریسٹ اینڈ ڈیپورٹیشن پالیسی کے تحت چارسدہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔
چارسدہ پولیس نے سٹی سرکل میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 15 افغان شہریوں کو حراست میں لے لیا، گرفتار افراد کی پروفائلنگ اور ان کے سفری و قانونی دستاویزات کی جانچ کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جن افراد کے پاس قانونی رہائش یا دیگر مطلوبہ دستاویزات موجود نہیں ہوں گے، انہیں ضابطہ کار کے مطابق ڈیپورٹ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے پہلے مرحلے میں غیر قانونی افغان شہریوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے جس کے بعد انہیں ہولڈنگ سینٹر منتقل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیڈ لائن ختم، اب کوئی مہلت نہیں! غیرقانونی افغان شہریوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز، فوری گرفتاری کا حکم
قانونی کارروائی مکمل ہونے پر غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو افغانستان واپس بھیجا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اریسٹ اینڈ ڈیپورٹیشن پالیسی کے تحت ضلع بھر میں آپریشن جاری رہے گا، جبکہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔





