مہنگائی سے تنگ عوام کیلئے بڑی خوشخبری، آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی

مہنگائی سے تنگ عوام کیلئے بڑی خوشخبری، آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی

فلور ملز مالکان نے آٹے کی ایکس مل قیمت میں 8 روپے فی کلو کمی کر دی، نئی قیمتوں کا فوری اطلاق بھی کر دیا گیا۔

سندھ میں شہریوں کے لیے آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔ چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی ہدایت پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی اور فلور ملز مالکان کے درمیان ہونے والے کامیاب مذاکرات کے بعد آٹے کی ایکس مل قیمت میں 8 روپے فی کلو کمی کا اعلان کر دیا گیا۔

مذاکرات کے نتیجے میں فلور ملز مالکان نے آٹے کی ایکس مل قیمت 133 روپے فی کلو سے کم کرکے 125 روپے فی کلو مقرر کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ فیصلے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایکس مل قیمت میں کمی کے بعد آٹے کی ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں میں بھی کمی متوقع ہے، جس سے عام صارفین کو براہِ راست ریلیف ملے گا اور گھریلو اخراجات میں کچھ حد تک کمی آئے گی۔

اجلاس کے دوران فلور ملز ایسوسی ایشن نے یہ بھی اعلان کیا کہ شہریوں کو سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں فیئر پرائس اسٹالز قائم کیے جائیں گے، جہاں آٹا رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوگا۔

حکام کے مطابق حکومت اور فلور ملز مالکان کا مشترکہ اقدام عوام کو مہنگائی کے اثرات سے ریلیف فراہم کرنے اور مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

Scroll to Top