بیرون ملک جانےکےخواہشمند افراد کیلئے بیورو آف امیگریشن کی اہم ہدایت جاری

بیرونِ ملک جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے بیورو آف امیگریشن اینڈ ایمپلائمنٹ ایکسچینج نے ایک اہم اور انتہائی سخت ترین ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں مختلف ممالک کے ویزے لگوانے والے شہریوں کو ویزا دستاویزات کی تصدیق کے عمل میں کسی بھی ایجنٹ کا سہارا نہ لینے کی تاکید کی گئی ہے۔

بیورو نے واضح کیا ہے کہ اطلاعات کے مطابق کچھ افراد ویزے کے حصول کے لیے غیر قانونی اور غیر مجاز ایجنٹوں کی خدمات حاصل کر رہے ہیں، جو ان کی دستاویزات کی غیر قانونی طریقوں سے تصدیق کراتے ہیں۔

بیورو آف امیگریشن کی جانب سے جاری کردہ اس انتباہی مکتوب میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ جعلساز ایجنٹ معصوم شہریوں کو ورغلا کر مختلف سرکاری اداروں کے جعلی دستخط اور مہریں استعمال کرتے ہیں۔ اس عمل میں بہت سے امیدوار نادانستگی میں یا جلد بازی کے چکر میں جعل سازی کا حصہ بن کر اپنی ہی درخواستوں میں سنگین دھوکا دہی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ ان جعلی دستاویزات میں سب سے زیادہ تعلیمی اسناد، بینک اسٹیٹمنٹس، اور پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ کی بوگس تصدیقات شامل ہوتی ہیں۔

حکام نے اس غیر قانونی روش کے بھیانک نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل نہ صرف ویزا کے خواہش مند شہری کو موجودہ سفری موقع سے ہمیشہ کے لیے محروم کر سکتا ہے، بلکہ اس کے نتیجے میں متعلقہ ممالک میں داخلے پر مستقل پابندی (بلیک لسٹنگ) اور وہاں پہنچنے کی صورت میں ذلت آمیز ملک بدری (Deportation) جیسے سنگین ترین نتائج بھی بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : نیدرلینڈز کا شینگن ویزا، درخواست جمع کرانے کا آسان طریقہ جانیے

یہ عمل بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی عالمی ساکھ کو بھی شدید نقصان پہنچا رہا ہے جس کے تدارک کے لیے بیورو نے اب ایسے تمام غیر قانونی ہتھکنڈوں میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کے ذریعے سخت قانونی کارروائی اور گرفتاریوں کے احکامات جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Scroll to Top