ماجد ستی قتل کیس!عدالت نے مرکزی ملزم فرخ کھوکھر کو سزا سنا دی

ماجد ستی قتل کیس!عدالت نے مرکزی ملزم فرخ کھوکھر کو سزا سنا دی

راولپنڈی کی مقامی عدالت نے ماجد ستی قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم فرخ کھوکھر سمیت تین مجرموں کو عمر قید کی سزا سنا دی، جبکہ ایک ملزم کو شواہد کی عدم دستیابی پر بری کر دیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشا اعجاز صوفی نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد کی بنیاد پر فرخ کھوکھر اور دو دیگر ملزمان کے خلاف جرم ثابت ہو گیا، جس پر انہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ عدالت نے شریک ملزم وسیم کو بری کرنے کا بھی حکم دیا۔

فیصلہ سنائے جانے کے فوراً بعد ضمانت پر موجود فرخ کھوکھر سمیت عدالت میں موجود تینوں مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ دیگر دو مجرم پہلے ہی جیل میں تھے اور انہیں سماعت کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ عدالت نے فرخ کھوکھر کو سخت ترین سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

فیصلے کے موقع پر مقتول ماجد ستی کے اہل خانہ اور لواحقین کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھی، جبکہ مجرموں کے حامی بھی بڑی تعداد میں عدالت پہنچے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے جوڈیشل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے 23 اگست 2022 کو راولپنڈی میں ماجد ستی کو مبینہ طور پر بے دردی سے قتل کیا۔ اس واقعے کا مقدمہ تھانہ صادق آباد میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تھا اور انہیں مبینہ طور پر پلاٹ پر قبضہ روکنے کی وجہ سے قتل کیا گیا۔ مقدمے کے مرکزی ملزم فرخ کھوکھر ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے اور بعد ازاں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) میں شامل ہو گئے تھے۔

Scroll to Top