اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ رات برادر ملک سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اس نازک وقت میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف اس طرح کی مجرمانہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے بزدلانہ حملے خطے کے امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کا بچہ بچہ اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عون چودھری کا مولانا فضل الرحمان سے شہداء کے اہل خانہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ
وزیر اعظم نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی تمام مخلصانہ کوششوں کی بھرپور تائید اور تعاون جاری رکھے گا۔





