خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کےلیے بڑا فیصلہ،ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس کی منظوری

محمد اعجاز آفریدی
حکومت خیبر پختونخوا نے سول سیکرٹریٹ، وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ اور گورنر سیکرٹریٹ کے گریڈ 3 سے گریڈ 22 تک کے ملازمین کے لیے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس کی منظوری دے دی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے 19 جون 2026 کو ہونے والے خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق،اس الاؤنس کے تحت مختلف گریڈز کے ملازمین کے لیے ماہانہ بنیادوں پر فکسڈ ریٹس مقرر کیے گئے ہیں۔ گریڈ 3 سے 6 تک کے ملازمین کو 6 ہزار روپے، گریڈ 7 سے 10 تک کے ملازمین کو 9 ہزار روپے، گریڈ 11 سے 13 تک کے ملازمین کو 13 ہزار روپے اور گریڈ 14 سے 15 تک کے ملازمین کو 16 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 16 کے ملازمین کے لیے یہ الاؤنس 18 ہزار روپے، گریڈ 17 اور 18 کے لیے 21 ہزار روپے، گریڈ 19 کے لیے 28 ہزار روپے، گریڈ 20 کے لیے 35 ہزار روپے، گریڈ 21 کے لیے 42 ہزار روپے جبکہ گریڈ 22 کے اعلیٰ افسران کے لیے 52 ہزار روپے ماہانہ ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس مقرر کیا گیا ہے۔

اس الاؤنس کے حصول کے لیے محکمہ خزانہ نے کچھ اہم شرائط بھی عائد کی ہیں جن کے تحت یہ الاؤنس انکم ٹیکس کے دائرہ کار میں آئے گا اور یہ پہلے سے ملنے والے ہاؤس رینٹ الاؤنس کی بندش یا متبادل کے طور پر دیا جائے گا۔یہ الاؤنس صرف سول سیکرٹریٹ، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور گورنر سیکرٹریٹ میں تعیناتی کے دوران ہی قابلِ قبول ہوگا اور اسے پنشن، گریجویٹی یا کمیوٹیشن کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پیسکو کا ملازمین کی اپ گریڈیشن کافیصلہ؛ 5 سالہ سروس مکمل کرنے والوں سے دستاویزات طلب

شرائط کے مطابق ایسے تمام ملازمین جنہیں پہلے ہی سرکاری رہائش گاہیں الاٹ کی جا چکی ہیں یا جو ہاؤس سبسڈی لے رہے ہیں وہ اس الاؤنس کے حقدار نہیں ہوں گے۔ اس کے علاوہ ڈپوٹیشن پر کام کرنے والے دیگر کیڈرز کے ملازمین، پوسٹنگ کے منتظر (ویٹنگ پیریڈ) ملازمین، غیر معمولی چھٹی (EOL) پر موجود افراد اور نیشنل پے اسکیل کے علاوہ کنٹریکٹ یا مارکیٹ بیسڈ تنخواہوں پر کام کرنے والے افسران کو بھی یہ الاؤنس نہیں دیا جائے گا۔

Scroll to Top