پشاور۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے منشیات بحالی پروگرام کے گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے پی حکومت صوبے میں ایک ماں کا کردار ادا کرے گی اور منشیات کے عادی افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنایا جائے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بحالی کے عمل سے گزرنے والے 1200 سے زائد افراد کو مفت علاج فراہم کیا گیا اور حکومت ان تمام افراد کو 50،000 روپے کی مالی مدد دے گی۔ وزیر اعلیٰ نے انکشاف کیا کہ بحالی پانے والوں میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اب تک چار ہزار سے زائد منشیات کے عادی افراد کا مفت علاج کر چکی ہے، جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نشہ ایک لعنت ہے جو انسان کا اعتماد ختم کر دیتا ہے، جبکہ حقیقی سکون والدین کی خدمت اور نماز میں ہے۔
علی امین گنڈا پور نے نشہ فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کہیں کوئی غلط کام ہو رہا ہو اور پولیس کارروائی نہ کرے تو عوام خود ایسے عناصر کے خلاف ایکشن لیں، میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نشہ فروش انسانیت کو تباہ کر رہے ہیں اور جو افراد اس لعنت میں مبتلا ہیں، انہیں حکومت کی مدد حاصل ہوگی۔