مولانافضل الرحمان کے ماضی پر ارباب خضر حیات کے سوالات، لیگی رہنما کا شہداء سے متعلق بیان پر آرٹیکل 6 کا مطالبہ

مولانافضل الرحمان کے ماضی پر ارباب خضر حیات کے سوالات، لیگی رہنما کا شہداء سے متعلق بیان پر آرٹیکل 6 کا مطالبہ

مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضر حیات نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

ارباب خضر حیات نے کہا کہ اگر خیبرپختونخوا کے عوام نے مولانا فضل الرحمان کو بار بار مسترد کیا ہے تو اس میں پاک فوج کا کوئی قصور نہیں۔ ارباب خضر حیات نے کہا کہ یہ وہی فوج اور شہداء ہیں جنہوں نے ملک کے دفاع کے لیے قربانیاں دیں اور دشمن کا مقابلہ کیا

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان سرحدوں پر کھڑے ہو کر قوم کی حفاظت کرتے ہیں، جبکہ انہی قربانیوں کی بدولت عوام امن اور سکون کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد، مدارس اور دیگر مقدس مقامات کا تحفظ بھی سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں سے ممکن ہوا ہے۔

ارباب خضر حیات نے مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ماضی میں ان کی عزت کرتے رہے ہیں، تاہم پاک فوج کے حوالے سے سامنے آنے والا مؤقف ان کے لیے باعثِ افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کو نشانہ بنانا کسی صورت ملکی مفاد میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پوری قوم کی حفاظت کرتے ہیں، اس لیے ان کے کردار اور قربانیوں کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔

مسلم لیگ ن رہنما نے کہا کہ اگر کسی سیاسی جماعت کو عوام کی حمایت حاصل نہیں رہی تو اس کی ذمہ داری کسی ادارے پر عائد نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے جہاں عوام اپنے ووٹ کے ذریعے فیصلے کرتے ہیں۔

ارباب خضر حیات نے مولانا فضل الرحمان کے سیاسی ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ قوم ماضی کے سیاسی واقعات سے باخبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے سیاسی معاملات کو جمہوری انداز میں حل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم اپنی افواج اور شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

ارباب خضر حیات نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کیا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا، اس لیے قومی اداروں کے احترام کو ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے۔

Scroll to Top