جمرود سیاسی اتحاد کا ترقیاتی کاموں میں کرپشن اور سرکاری محکموں کی ناقص کارکردگی کیخلاف احتجاج کا اعلان کردیا

جمرود سیاسی اتحاد کا ترقیاتی کاموں میں کرپشن اور سرکاری محکموں کی ناقص کارکردگی کیخلاف احتجاج کا اعلان

جمرود سیاسی اتحاد نے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار، کرپشن اور سرکاری محکموں کی ناقص کارکردگی کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ اتحاد کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ان کا مقصد کسی سیاسی جماعت یا شخصیت کی مخالفت نہیں بلکہ جمرود کے عوام کے حقوق کا تحفظ اور بنیادی مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔

جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیاسی اتحاد کے رہنماؤں مولانا سعید، ظریف خان، سراج، عرفان، سلیمان اور دیگر نے کہا کہ علاقے کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پرامن اور آئینی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

رہنماؤں نے اعلان کیا کہ پیر کے روز بابِ خیبر جمرود میں غیر معیاری ترقیاتی کاموں، مبینہ کرپشن، سرکاری اداروں کی ناقص کارکردگی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف پرامن احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی خدمات ایمانداری، شفافیت اور قانون کے مطابق انجام دیں۔ سیاسی اتحاد نے ڈپٹی کمشنر خیبر سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام محکموں کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی کریں اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں۔

اتحاد کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جمرود میں جاری متعدد ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر عوام کو تحفظات ہیں، جبکہ علاقے کے کئی بنیادی مسائل تاحال حل طلب ہیں۔ ان مسائل کے حل کے لیے ہر آئینی اور پرامن راستہ اختیار کیا جائے گا۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ وہ احتجاج کو سیاسی مخالفت کے بجائے عوامی مسائل کے حل کی جدوجہد سمجھتے ہوئے تعاون کریں، کیونکہ یہ تحریک کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ جمرود کے عوامی مفاد کے لیے ہے۔

رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ مبینہ کرپشن اور غیر معیاری ترقیاتی کاموں سے متعلق مختلف ویڈیوز اور آڈیو مواد سوشل میڈیا پر موجود ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت جمرود کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لے۔

جمرود سیاسی اتحاد کے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر عوامی مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

Scroll to Top