خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کے مقامی رہنما جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پھیل گئی، جبکہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ کرم پل کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں جماعت اسلامی کے مقامی رہنما حاجی نقیب اللہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے حاجی نقیب اللہ جماعت اسلامی ڈڈیوالہ کے امیر تھے۔ واقعے کے بعد لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے سرائے نورنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی جماعت اسلامی کے کارکنوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی، جہاں مرحوم کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت بھی کیا گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔





