پشاور: خیبرپختونخوا پولیس میں اعلیٰ سطح پر تقرریوں اور تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبائی پولیس ایکٹ 2017 کے تحت عوامی مفاد میں 7 پولیس افسران کے تبادلے اور نئی تعیناتیاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محمد ارشد زاہد (PSP، BS-18)، جو سی پی او پشاور میں تعیناتی کے منتظر تھے، انہیں مزید تعیناتی کے لیے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

خالد محمود افضل (PSP، BS-18)، جو سی پی او پشاور میں تعیناتی کے منتظر تھے، کو ایس پی سٹی کوہاٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی (BS-17) ضریف خان کو ایس پی/ڈائریکٹر پی ٹی ایس صوابی سے تبدیل کرکے ایس پی/ڈائریکٹر پولیس اسکول آف ٹیکٹکس نوشہرہ تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ڈی ایس پی افتخار علی کو ایس پی سٹی کوہاٹ سے تبدیل کرکے ایس پی/ڈائریکٹر پی ٹی ایس صوابی تعینات کیا گیا ہے۔ دونوں افسران اپنی موجودہ تنخواہ اور سکیل پر فرائض انجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے اعلیٰ افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے، نوٹیفکیشن جاری
اسی طرح ڈی ایس پی مختیار علی کو ایس پی ایڈمن ایف آر پی ہیڈکوارٹرز پشاور سے تبدیل کرکے ایس پی صدر مردان تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ڈی ایس پی محمد ارشد خان کو ایس پی ورسک سی سی پی پشاور سے ایس پی آپریشنز ہنگو تعینات کیا گیا ہے۔
مزید برآں ڈی ایس پی روشن زادہ کو ایس پی صدر مردان سے تبدیل کرکے ایس پی اکیڈمک پی ٹی ایس ڈیرہ اسماعیل خان تعینات کیا گیا ہے۔ ان تمام تقرریوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔





