سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے علاقے منفوحہ میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 6 پاکستانی جاں بحق ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ شب پیش آیا، جس میں پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں سے پانچ کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ سے ہے۔
رپورٹس کے مطابق جاں بحق افراد میں محمد سعید، عابد حسین، عبدالرحمان، محمد سفیر اور محمد رستم شامل ہیں، جبکہ چھٹے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
دوسری جانب پاکستانی سفارت خانے نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سفارت خانے کے حکام سعودی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے اور نئی تقرریاں
سفارت خانے کے مطابق قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتوں کی پاکستان منتقلی یا سعودی عرب میں تدفین کے حوالے سے لواحقین کی خواہش کے مطابق ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
سفارت خانے کا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں سعودی حکام کے ساتھ رابطہ برقرار ہے۔





