کوٹ رادھا کشن بھٹہ کیس، سپریم کورٹ نے 3 ملزمان بری کر دیے

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے شہزاد مسیح اور ان کی حاملہ اہلیہ شمع بی بی کو اینٹوں کے بھٹے میں زندہ جلانے کے مقدمے میں سزائے موت پانے والے تین ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس ملک شہزاد احمد کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے اپیلوں کی سماعت کے بعد ملزمان عرفان، مہدی اور ریاض کو بری کرنے کا فیصلہ سنایا۔

سپریم کورٹ نے مقدمے میں 102 ملزمان کی بریت کے خلاف پنجاب حکومت کی درخواست بھی مسترد کر دی۔

یہ افسوسناک واقعہ 4 نومبر 2014 کو کوٹ رادھا کشن میں پیش آیا تھا، جب توہینِ مذہب کے الزام پر مشتعل ہجوم نے شہزاد مسیح اور ان کی حاملہ اہلیہ شمع بی بی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اینٹوں کے بھٹے میں زندہ جلا دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے یورپی مارکیٹ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا، اہم رپورٹ سامنے آگئی

واقعے کے بعد پولیس نے سینکڑوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا، جبکہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پانچ ملزمان کو سزائے موت اور دیگر ملزمان کو مختلف سزائیں سنائی تھیں۔

بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے پانچ میں سے دو ملزمان کو بری کر دیا تھا، جبکہ تین ملزمان کی سزائے موت برقرار رکھی گئی تھی۔

تاہم سپریم کورٹ نے اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے باقی تینوں ملزمان کو بھی بری کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

Scroll to Top