دل میں پیوست گولی نکال کر ڈاکٹروں نے بچے کی جان بچا لی

Pakistan SCO Summit 2026

قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) کراچی کے ماہرین نے پیچیدہ اور ہنگامی قلبی سرجری کے ذریعے بلوچستان کے ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ بچے کے دل میں پیوست گولی نکال کر اس کی جان بچا لی۔

این آئی سی وی ڈی کے مطابق بچے کو خضدار شہر میں حادثاتی طور پر گولی لگنے کے بعد شدید زخمی حالت میں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم زخم کی نوعیت اور بچے کی تشویش ناک حالت کے باعث اسے فوری طور پر خصوصی قلبی علاج کی ضرورت تھی، جس کے لیے اسے کراچی منتقل کیا گیا۔

بچے کو کراچی کے مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا، تاہم اس کی حالت کی پیچیدگی کے پیش نظر اسے بالآخر این آئی سی وی ڈی کے شعبہ اطفال ایمرجنسی پہنچایا گیا، جہاں ماہرین کی ٹیم نے فوری طور پر طبی معائنہ اور ضروری اقدامات شروع کیے۔

ڈاکٹروں نے ہنگامی بنیادوں پر ایکو کارڈیوگرافی کی، جس کے ذریعے بچے کے دل میں گولی کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ بچے کی جان کو لاحق شدید خطرے کے پیش نظر طبی ٹیم نے فوری طور پر فیصلہ کرتے ہوئے اسے چند ہی منٹوں میں ہنگامی آپریشن کے لیے آپریشن تھیٹر منتقل کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: دل کا دورہ کن لوگوں کو زیادہ ہوتا ہے اور اس کی علامات کیا ہیں؟

ماہرین نے انتہائی پیچیدہ قلبی سرجری کے دوران بچے کے دل میں پیوست گولی کامیابی سے نکال لی۔ بروقت تشخیص اور فوری سرجری کے نتیجے میں بچے کی جان بچانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔

این آئی سی وی ڈی کے ماہرین کے مطابق واقعہ انتہائی حساس نوعیت کا تھا اور ایسے کیس میں فوری تشخیص، ماہر طبی ٹیم کی دستیابی اور بروقت جراحی مداخلت مریض کی زندگی بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top