مس ورلڈ کے عالمی اسٹیج پر جلوہ گر ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کون؟

پاکستان کے حسن اور قابلیت کی دنیا میں ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے، انیقہ معراج تاریخ میں پہلی بار ‘مس ورلڈ’ کے باوقار عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل کرنے جا رہی ہیں۔

انہیں باقاعدہ طور پر ’مس ورلڈ پاکستان 2026‘ کا تاج پہنا دیا گیا ہے، جس کے بعد وہ 9 اگست سے 5 ستمبر تک ویتنام میں منعقد ہونے والے ’مس ورلڈ‘ کے 75ویں سالانہ عالمی مقابلے میں گرین پاسپورٹ کے ساتھ اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گی۔

انیقہ معراج کی تاج پوشی کی پروقار تقریب لاہور کے تاریخی فلیٹیز ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں ’مس پاکستان یونیورسل 2022‘ ڈاکٹر شفق اختر اور ’مسٹر پاکستان ورلڈ‘ عطا اللہ گجر نے انہیں خوبصورت تاج پہنایا۔

’مس ورلڈ‘ کی عالمی تنظیم نے بھی اپنی آفیشل ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس شراکت داری کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے انیقہ معراج کے نام کی توثیق کر دی ہے۔

تعلیمی لحاظ سے مضبوط پس منظر رکھنے والی 24 سالہ انیقہ معراج بزنس ایڈمنسٹریشن اور اکنامکس میں گریجویشن کر چکی ہیں اور اس وقت آڈٹ اور اکاؤنٹنگ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رہی ہیں۔

اپنے مستقبل کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انیقہ معراج کا کہنا ہے کہ ان کا اصل خواب چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (CA) بننا ہے، جبکہ وہ اپنی اس عالمی پہچان کو بچوں کے حقوق اور خاص طور پر بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہیں تاکہ پاکستان کے ایک روشن اور بہتر مستقبل کی تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔

انیقہ معراج بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں؛ وہ اس سے قبل ’مس ارتھ‘، ’مس گلوبل‘، ’مس کاسمو‘، ’مس ایکو انٹرنیشنل‘ اور ’مس آورا انٹرنیشنل‘ سمیت کئی عالمی حسن و شخصیت کے مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن کر چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شوبز اسٹار نوشابہ بی بی کی زندگی سے حیران کن انکشاف

اس کے علاوہ انہوں نے کوسووو میں منعقدہ ’فریڈم آف دی ورلڈ‘ مقابلے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چار اہم ترین اعزازات بھی اپنے نام کیے تھے۔

واضح رہے کہ ’مس ورلڈ‘ کی طویل تاریخ میں پاکستان پہلی مرتبہ اس پلیٹ فارم پر جلوہ افروز ہو رہا ہے تاہم اس سے قبل ایریکا رابن اور روما ریاض جیسے نام ’مس یونیورس‘ کے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کر کے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر چکے ہیں۔

Scroll to Top