سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حوثی ملیشیا کی جانب سے ملک پر کیے جانے والے حالیہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اجلاس میں اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا کہ حوثی عناصر جان بوجھ کر شہری آبادی اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنا رہے ہیں، جبکہ بحیرہ احمر میں بین الاقوامی تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں بھی انتہائی قابلِ مذمت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
سعودی کابینہ نے ملک کی جغرافیائی خودمختاری اور قومی سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ شہریوں اور ملکی حدود کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اور موثر اقدامات مسلسل جاری رکھے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ حالیہ حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب پر حوثی حملے، برادر ملک کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
علاوہ ازیں، اجلاس میں جرمنی کے ساتھ دوطرفہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔





