مسلم لیگ (ن) کے خضر حیات نے نورین نیازی کے انٹرویو کے خلاف سائبر کرائم سے رجوع کر لیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضر حیات نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی ہمشیرہ نورین نیازی کے سوشل میڈیا پر وائرل متنازع بیان کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو باقاعدہ درخواست ارسال کر دی ہے جس میں ان کے خلاف فوری تحقیقات اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ارباب خضر حیات کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نورین نیازی نے ایک دشمن ملک کے میڈیا کو پاک بھارت جنگ سے متعلق ایک انتہائی متنازعہ انٹرویو دیا تھا جو اب بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے۔

درخواست گزار کے مطابق نورین نیازی نے اپنے انٹرویو میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ماضی میں ہونے والی جنگ کو ایک ’فکسڈ میچ‘ قرار دیا تھا اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان اس وقت بھارت کا مقابلہ نہیں کر سکتا تھا اور اگر یہ جنگ چھڑ جاتی تو بھارت پاکستان کو ’فکس‘ کر دیتا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ انٹرویو میں اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق بھی دعویٰ کیا گیا ہے، جو کہ حقائق کے سراسر منافی، بے بنیاد اور قومی مفاد کے خلاف ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنماء کا کہنا ہے کہ اس انٹرویو کے ذریعے عوام میں غلط فہمیاں، بے چینی اور اشتعال پھیلانے کے لیے دانستہ طور پر غلط بیانی سے کام لیا گیا ہے جبکہ بھارتی میڈیا اب پاکستان کے خلاف نورین نیازی کے ان بیانات کو پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نورین نیازی کو نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کا نوٹس جاری، 20 جولائی کو طلب کر لیا گیا

درخواست میں سائبر کرائم حکام سے استدعا کی گئی ہے کہ قومی سلامتی اور ریاستی اداروں سے متعلق اس متنازعہ انٹرویو کا فوری نوٹس لے کر معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Scroll to Top