امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات عالمی توانائی مارکیٹ پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، جہاں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے سیشن کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے۔ برینٹ کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 1.57 ڈالر یعنی 1.6 فیصد اضافے کے بعد 99.49 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت میں بھی 1.60 ڈالر، یعنی 1.72 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 94.63 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
رپورٹس کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ
امریکا کی جانب سے ایرانی ٹینکروں پر حملوں کے بعد ایران نے خلیج میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی سپلائی کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اگست کے آغاز سے اب تک برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں مزید اتار چڑھاؤ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔





