وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور بانی چیئرمین کی ہمشیرہ کے متنازع بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اپنے حلقے میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی سیاست کی خاطر ملک کو داؤ پر لگانا چاہتی ہے لیکن یہ معاملہ یہاں رکے گا نہیں اور انہیں قوم و شہدا سے معافی مانگنا ہوگی، انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ لازوال ہے جسے کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی کے متنازعہ انٹرویو پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی کی بہنوں سے معرکہ حق میں پاکستان کی فتح ہضم نہیں ہو رہی اور اپنے بھائی کی سیاست چمکانے کے لیے معرکہ حق پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نورین نیازی کے اس بیان پر پاکستان بھر میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور بانی کی بہنوں کے ایسے بیانات فوری طور پر بھارتی میڈیا کی زینت بنتے ہیں، عطا تارڑ نے زور دے کر کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے سب کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ پاکستان ہے تو سب کچھ ہے۔
عطا تارڑ نے کشمیریوں کے یومِ الحاقِ پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 19 جولائی کا دن تحریک پاکستان میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ کشمیریوں نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کر لیا تھا اور سرینگر میں منظور ہونے والی قراردادِ الحاق کشمیریوں کے پختہ عزم کا اظہار ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور مدینہ منورہ کی ریاستوں کی بنیاد عظیم ہجرتوں پر رکھی گئی ہے، رمضان المبارک کی 27 ویں شب کو معرض وجود میں آنے والی ریاست پاکستان قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے جس کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے اپنا سب کچھ قربان کر کے ہندوستان سے ہجرت کی اور تاریخ گواہ ہے کہ ہجرت کے ذریعے قائم ہونے والی ریاستوں کو اللہ نے ہمیشہ کامیابی دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے خضر حیات نے نورین نیازی کے انٹرویو کے خلاف سائبر کرائم سے رجوع کر لیا
حالیہ احتجاجی مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ حکومت نے مظاہرین کے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہوئے بامقصد مذاکرات کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ حالیہ احتجاج کی آڑ میں سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کے خلاف ایک گھناؤنا کھیل کھیلا گیا، اور تشدد و جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کا اصل مقصد کشمیریوں کے حقوق پر شب خون مارنا اور پاکستان و کشمیر کے دیرینہ رشتے کو کمزور کرنے کی سازش تھا۔
پریس کانفرنس کے آخر میں عطا تارڑ نے مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان ہمارا اصل اثاثہ ہیں اور مشکل حالات میں ثابت قدم رہنے والے ساتھیوں کی وفاداری کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، کیونکہ سیاسی ورکرز کی متحرک افرادی قوت ہی ہماری اصل پہچان ہے۔





