پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ الحاقِ پاکستان کے تاریخی موقع پر کشمیری عوام کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ظلم و جبر کے تمام ریکارڈ توڑنے کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تحریکِ خود ارادیت کو دبانے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حقِ خودارادیت کے لیے دہائیوں سے جاری طویل جدوجہد پر کشمیریوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی یومِ الحاقِ پاکستان بے مثال جذبے اور پختہ عزم کے ساتھ منانا کشمیری عوام کی پاکستان سے غیر متزلزل محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے زور دے کر کہا کہ 19 جولائی کا دن پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان قائم ایک اٹوٹ رشتے کی علامت ہے۔
یہ تاریخی دن ہماری مشترکہ تاریخ، مشترکہ قربانیوں اور مشترکہ امنگوں پر قائم ایک ایسے لازوال رشتے کی یاد دلاتا ہے جسے دنیا کی کوئی بھی طاقت کمزور یا جدا نہیں کر سکتی، انہوں نے واضح کیا کہ آزادی، امن اور انصاف کی آرزو رکھنے والی قوم کی امید کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف کا یوم الحاق پاکستان پر خصوصی پیغام
پی پی پی چیئرمین نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح آج بھی غیرمتزلزل عزم کے ساتھ جموں و کشمیر کے عوام کے منصفانہ مؤقف کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔
انہوں نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلۂ جموں و کشمیر کے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر کسی صورت ممکن نہیں ہے۔





