چارسدہ اور ہزارہ موٹروے پر آمدورفت متاثر، موٹروے پولیس نے مسافروں کے لیے الرٹ جاری کر دیا
موٹروے پولیس نے خراب موسم اور ضروری مرمتی کام کے باعث شہریوں کے لیے اہم ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس کے تحت بعض شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے جبکہ مسافر گاڑیوں کے داخلے اور آمدورفت پر عارضی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم ون پر چارسدہ کے قریب کلومیٹر 504 کے مقام پر شدید بارش کے باعث مسافر بردار گاڑیوں کا داخلہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے پہلے موسم اور ٹریفک کی تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دوسری جانب ای-35 ہزارہ موٹروے پر ہائی وولٹیج بجلی کی لائن کی مرمت کے باعث مختلف مقامات پر ٹریفک کا رخ تبدیل کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق 96 کلومیٹر جنوبی سمت (مین)، 95 کلومیٹر جنوبی سمت بیدڑہ اور 84 کلومیٹر شمالی سمت قلندرآباد کے قریب ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی یہ تبدیلیاں مرمتی کام کو محفوظ انداز میں مکمل کرنے کے لیے کی گئی ہیں، جبکہ کام مکمل ہونے کے بعد معمول کی ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جاری کردہ ٹریفک ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے سفر سے قبل متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔





