بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد چناب میں طغیانی کا خدشہ

مقبوضہ کشمیر میں شدید بارشوں کے بعد بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کے باعث پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

محکمہ آبپاشی پنجاب کے مطابق بھارت نے شدید بارشوں کے بعد سلال ڈیم کے تمام دروازے کھول دئیے جس کے نتیجے میں دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ تیزی سے بڑھ گیا ہے۔

حکام کے مطابق دریائے چناب میں آنے والے پانی کے باعث سیالکوٹ اور وزیرآباد سمیت قریبی علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہےجبکہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔

محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ سلال ڈیم سے چھوڑا گیا پانی آئندہ دو روز میں وزیرآباد پہنچنے کا امکان ہےجس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مٹی کے تیل کی قیمت میں بڑا اضافہ

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ دو دنوں کے دوران مون سون کی شدید بارشیں ریکارڈ کی گئی اور کئی مقامات پر کلائوڈ برسٹ بھی آئے ہیں۔

شدیدبارشوں کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کے کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں اور کئی اضلاع میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کے رابطے منقطع ہوئے ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ ہرسال بھارت کی جانب سے اچانک پانی چھوڑے جانے کے باعث پاکستان کو سیلاب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

Scroll to Top