اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔
چیف جسٹس نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاکستان کی عدلیہ کی جانب سے شہید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں نے دورانِ ڈیوٹی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
تعزیتی پیغام میں شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی گئی ہے۔
چیف جسٹس نے حملے میں زخمی ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری اور جوڈیشل مجسٹریٹ کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : رستم: نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ، نوجوان جاں بحق
پیغام کے مطابق، شہداء کے اہل خانہ اور بلوچستان کی ضلعی عدلیہ سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر 25 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والی جوڈیشل ویلبیئنگ کانفرنس ملتوی کر دی گئی ہے۔
چیف جسٹس نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی عدلیہ ہر قسم کے خوف اور دباؤ سے بالاتر ہو کر انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہے گی، اور تشدد یا دھمکیوں کے ایسے واقعات عدلیہ کے حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتے۔





