ہم کوئی شوقیہ مارچ نہیں کر رہے، یہ انصاف مارچ ہے، بیرسٹر گوہر

Pakistan SCO Summit 2026

کامران علی شاہ

پشاور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پنجاب میں اسٹریٹ موومنٹ پر پابندی کے باوجود لوگ باہر نکلے، جبکہ وزیراعلیٰ اور اراکین کے ساتھ اختیار کیے گئے رویے کی مذمت کرتے ہیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو گاڑی میں بٹھا کر کسی چوک پر چھوڑنا انتہائی نامناسب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ جب دوسرے صوبے میں جائے تو اس کی مہمان نوازی اور سیکیورٹی کا خیال رکھا جانا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ لانگ مارچ مقررہ تاریخ پر ہی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو لانگ مارچ سے متعلق ہدایات مل چکی ہیں، ہم کوئی شوقیہ مارچ نہیں کر رہے بلکہ یہ انصاف مارچ ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج پُرامن ہوگا، راستے بند نہیں کیے جائیں گے اور اشتعال نہیں پھیلایا جائے گا۔ ان کے مطابق کارکن نہتے ہوں گے اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہراساں اور گرفتار نہ کرنے کا حکم

عدالتی معاملات پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ اور آئینی عدالت میں ہونے والی سماعت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں ایک دوسرے کو کیسز بھیج رہی ہیں، ایسا فیصلہ تو پنچایت بھی کر سکتی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک قوت بن کر ابھرا ہے، اب معاشی استحکام بھی ہونا چاہیے۔ ان کے بقول معاشی استحکام اسی وقت آئے گا جب سب کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ملاقاتیں ہوئی ہیں، تاہم انہیں لانگ مارچ کی دعوت نہیں دی گئی۔ حکومت کو اسمبلی اور سینیٹ میں جواب دہ ٹھہرانے کے لیے ملاقات کی گئی۔

بیرسٹر گوہر نے جماعت اسلامی کے پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی لیوی اور مہنگائی ختم کرنے کے لیے آواز اٹھا رہی ہے اور ہم ان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے اراکین اسمبلی سخت حالات میں وزیراعلیٰ کے ساتھ موجود رہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top