دنیا بھر کے سیاحوں کی منزل کیلاش وادی، بنیادی سفری سہولیات سے محروم

چترال: خیبرپختونخوا کی مشہور کیلاش وادی جہاں ہر سال ہزاروں ملکی اور غیر ملکی سیاح قدرتی حسن، منفرد ثقافت اور قدیم روایات سے لطف اندوز ہونے پہنچتے ہیں، اب بھی ایک مکمل اور معیاری رابطہ سڑک سے محروم ہے۔

مقامی افراد اور سیاحوں کے مطابق وادی کی جانب جانے والی سڑک کے کئی حصے خراب اور کچے ہیں، جس کے باعث سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

خاص طور پر بارشوں کے دوران سڑک کی صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے، جبکہ گردوغبار بھی مسافروں کے لیے پریشانی کا باعث بنتا ہے۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر شہرت رکھنے والی کیلاش وادی میں سیاحت کے فروغ کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے، تاہم سفری مشکلات کے باعث سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے بمبوریت روڈ منصوبے پر کام جاری ہے، تاہم منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔

یہ بھی پڑھیں : سیلاب کے بعد خیبر پختونخوا میں سبزیوں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

سیاحوں اور مقامی آبادی نے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ اس خوبصورت وادی تک محفوظ اور آسان رسائی ممکن بنائی جا سکے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ صرف سیاحت کے فروغ کے اعلانات کافی نہیں، بلکہ سیاحتی مقامات تک بہتر سڑکوں، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ضروری ہے۔

ان کے مطابق بمبوریت روڈ کی تکمیل سے نہ صرف مقامی آبادی کو سہولت ملے گی بلکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top