سیلاب کے بعد خیبر پختونخوا میں سبزیوں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

پشاور: خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث سبزیوں کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔

صوبے کے مختلف اضلاع میں سبزیوں کی سپلائی متاثر ہونے کے باعث ٹماٹر سمیت دیگر سبزیوں کی قیمتیں کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق پشاور کی سبزی منڈی میں ٹماٹر کی قیمت 400 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ شہر کے مختلف بازاروں میں اچھی کوالٹی کے ٹماٹر 450 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔

ٹماٹر کے علاوہ دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کھیرے 250 روپے فی کلو سے زائد، توری اور بھنڈی 180 سے 200 روپے فی کلو، بڑے کچالو 180 سے 200 روپے، چھوٹے کچالو 150 روپے جبکہ ٹینڈے بھی 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے اور تقرریاں

تاجروں کا کہنا ہے کہ سوات، چترال، مالاکنڈ، دیر، چارسدہ اور دیگر بالائی اضلاع میں شدید بارشوں اور سیلاب سے سبزیوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

اس کے علاوہ سڑکیں متاثر ہونے سے ترسیل کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا، جس کے باعث مارکیٹ میں سبزیوں کی سپلائی کم ہوگئی اور قیمتوں میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سبزیوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور متاثرہ علاقوں میں ترسیل کا نظام جلد بحال کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Scroll to Top