را کا سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف جھوٹا، گمراہ کن اور ریاست دشمن پروپیگنڈا بے نقاب

بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ (RAW) کا سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان مخالف جھوٹا، گمراہ کن اور ریاست دشمن پروپیگنڈا پھیلانے کا ایک اور بڑا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا گیا ہے۔

سینئر اینکر پرسن وسیم بادامی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ایجنسی کو سہولت فراہم کرنے والے شخص نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔

سہولت کار نے بتایا کہ آج کل لوگ اپنے بزنس یا اکاؤنٹس کی ہیلتھ اور ریچ بہتر بنانے کے لیے آن لائن ٹولز اور سروسز خریدتے ہیں۔

اس نے بتایا کہ اس نے ویب سائٹس بنائیں جہاں وہ فالوورز اور ویوز بڑھانے کے لیے مختلف سروسز فراہم کرتا تھا۔ بیرون ملک سے پیسے پاکستان لانے کے لیے اسٹرائیک (Stripe) پیمنٹ گیٹ وے کا استعمال کیا جاتا تھا جو مختلف عالمی بینکوں سے منسلک ہونے کی سہولت دیتا ہے۔

سہولت کار کے مطابق کلائنٹس اپنی تفصیلات فراہم کرتے تھے جس کے بعد مختلف ویب سائٹس سے بوٹس خرید کر ان کے اکاؤنٹس یا پروڈکٹس کی تشہیر کی جاتی تھی۔ اس نے اعتراف کیا کہ وہ لوگ عام طور پر اس بات پر دھیان نہیں دیتے کہ کلائنٹ اپنے اکاؤنٹ پر کیا مواد شائع کر رہا ہے۔

اس نے انکشاف کیا کہ رواں برس مارچ میں ایک کلائنٹ نے لائیکس اور ویوز کے لیے رابطہ کیا۔ شروع میں اسے چھوٹے پیکجز دیے گئے لیکن 15 دن بعد اس نے مختلف پلیٹ فارمز پر لائیکس، ویوز اور پوسٹنگ کے مزید بھاری آرڈرز دیے۔ اس کلائنٹ نے مجموعی طور پر 3.6 ملین (36 لاکھ) روپے کے آرڈرز دیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کا بڑا کریک ڈاؤن، 3500 سے زائد شہری زیر حراست

سہولت کار نے اعتراف کیا کہ اس کلائنٹ کا تمام مواد ریاست مخالف تھا جس میں ہماری فوج اور عوام سے متعلق پوسٹیں شامل تھیں۔ اس نے مزید بتایا کہ اس مہم میں سب سے زیادہ پوسٹیں آزاد کشمیر کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے احتجاج سے متعلق تھیں جن پر جعلی بوٹس کا سہارا لے کر ملینز میں ویوز اور لائیکس لیے گئے تھے تاکہ جعلی بیانیہ قائم کیا جا سکے۔

اس نے بتایا کہ جب اس کلائنٹ کے ساتھ کافی کام کر لیا تو ملکی حساس اداروں نے اس سے رابطہ کیا اور تفتیش شروع کی۔

Scroll to Top